شیخ محمد اقبال اور کریم النساء ایم ایل سی نشستوں کیلئے امیدوار

   

وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا اعلان، 6 نشستوں پر الیکشن ہوگا
حیدرآباد: آندھراپردیش میں قانون ساز کونسل کی 6 نشستوں کے انتخابات کے لئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے امیدواروں کے ناموںکا اعلان کردیا ہے ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری ایس رام کرشنا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے امیدواروںکی فہرست جاری کی۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشست کیلئے وائی ایس آر کانگریس اپنا امیدوار کھڑا نہیں کرے گی ۔ 4 ارکان کونسل کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے جبکہ پی سبھاش چندر بوس کے استعفیٰ سے ایک نشست خالی ہوئی۔ سی ایچ رام کرشنا ریڈی کے دیہانت سے ایک اور نشست پر ضمنی چناؤ مقرر ہے۔ جن ارکان کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے ، ان میں سندھیا رانی ، تپے سوامی ، ویرا وینکٹ چاری اور شیخ محمد اقبال شامل ہیں۔ پارٹی نے شیخ محمد اقبال کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں شیخ محمد اقبال نے پولیس میں اہم عہدوں پر نمایاں خدمات انجام دی تھیں۔ وہ آندھراپردیش وقف بورڈ کے اسپیشل آفیسر کے عہدہ پر فائز رہے اور انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ اور بدعنوانیوں میں ملوث متولیوں کے خلاف کارروائیاں کی تھیں۔ وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد انہوں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی جس کے بعد انہیں کونسل کی رکنیت دی گئی تھی۔ بہتر کارکردگی کو دیکھتے ہوئے شیخ محمد اقبال آئی پی ایس کو دوبارہ کونسل کا ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ دیگر پانچ امیدواروں میں سی ایچ بھگیرت ریڈی ، وی کلیان چکرورتی ، سی رامچندریا، بی سرینواس اور کریم النساء شامل ہیں۔ 6 امیدواروں میں دو کا تعلق مسلم اقلیت سے ہے اور ان میں ایک خاتون ہیں۔