شیخ مشعل الاحمد الصباح ولیعہد مقرر

   

کویت سٹی ۔ امیرکویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے فرمان جاری کر کے شیخ مشعل الاحمد الصباح کو ولیعہد مقررکر دیا ہے۔کویتی نیوز ایجنسی (کونا) کے مطابق امیر کویت کا فرمان پارلیمنٹ کو ارسال کردیا جائے گا، جمعرات کو پارلیمنٹ میں ولیعہد کی حلف ہوگا۔دوسری طرف ایوان امیری کے وزیر شیخ علی جراح الصباح نے کہا ہے کہ آل الصباح حکمران خاندان کے افراد نے امیر کویت کے اس فیصلے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔خاندان کے افراد نے ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔واضح رہے کہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ رہے۔وہ شیخ احمد الجابر الصباح کے ساتویں بیٹے ہیں۔انہوں نے وزارت داخلہ میں مختلف عہدوں پرکام کیا ہے۔1967 سے 1980 تک وہ محکمہ خفیہ کے سربراہ رہے۔ انہی کے دور میں محکمہ خفیہ کو پبلک پراسیکیوشن میں تبدیل کیا گیا۔سابق امیر کویت شیخ جابر الاحمد نے انہیں 1977 میں شوریٰ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔