کمشنر بلدیہ و مئیر کا دورہ ۔ 13 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان ۔ لا پرواہی کا مقدمہ درج
حیدرآباد /2 جولائی (سیاست نیوز) شہر میں اسٹراٹیجیک روڈ ڈیولپمنٹ پلان (ایس ڈی آر پی) پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے جارہے شیخ پیٹ او یو کالونی فلائی اوور کے قریب آج صبح کی اولین ساعتوں میں ایک حادثہ پیش آیا جس میں کرین الٹ جانے کے نتیجہ میں کرین آپریٹر برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق صبح کی اولین ساعتوں 4.30 بجے حسب معمول شیخ پیٹ ڈی مارٹ کے قریب فلائی اوور کی تعمیر کا کام جاری تھا اور روزانہ پلر پر دو بیم نصب کئے جاتے ہیں ۔ آج صبح بھی بیم نصب کرنے کا کام جاری تھا اور 800 ٹن وزنی ایک بیم کو کرین کے ذریعہ نصب کردیا گیا تھا اور دوسرے بیم کو نصب کرنے کے دوران کرین کا توازن بگڑگیا اور وہ اچانک الٹ گیا ۔ اس حادثہ سے پریشان ہوکر کرین آپریٹر گروپریت سنگھ اپنی جان بچانے بھاگنے کی کوشش کررہا تھا اس نے کرین کے اوپر سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجہ وہ برسرموقع ہلاک ہوگیا ۔ اس واقعہ کے بعد تعمیری کام کو روک دیا گیا اور شیخ پیٹ علاقہ میں بھاری ٹریفک جام ہوگئی ۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر دانا کشور اور دیگر انجنیئرس جائے حادثہ پر پہونچ گئے جبکہ ویسٹ زون پولیس سے وابستہ پولیس عہدیدار بھی شیخ پیٹ فلائی اوور کے قریب پہونچ کر ٹریفک کو بحال کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ڈی آر پی پراجکٹ کے تحت تعمیر کئے جانے والے فلائی اوور کا کنٹراکٹ آندھراپردیش کی ایک کمپنی ایم وی آر انفراسٹرکچر کو دیا گیا تھا اور وزنی کرینس کو پنجانب سے لایا گیا تھا جس میں پنجاب بٹالہ سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ گرو پریت سنگھ کو بیم نصب کرنے کیلئے کرین حوالے کیا گیا تھا ۔ گولکنڈہ پولیس نے ایم وی آر انفراسٹرکچر کے خلاف لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کیا اور نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ اسی دوران میئر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بھی جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور مہلوک کرین آپریٹر کے ورثہ کو 13 لاکھ معاوضہ کا اعلان کیا اور فلائی اوور کی تعمیر میں شامل مزدوروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کا حکم دیا ۔