شیراز کی تصویری ، خطاطی اور چوبی طغروں کی نمائش

   

12 اکٹوبر کو یوم شیراز کا آغاز، سالار جنگ میوزیم میں مقرر، بلدیہ شیراز اور روزنامہ سیاست کا تعاون

حیدرآباد۔10اکٹوبر(سیاست نیوز) شیراز قومی دن ایران کے موقع پر شہر حیدرآباد میں 10 روزہ تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے اور ان تقاریب کے دوران خواجہ محمد شمس الدین حافظ شیرازی کے فنون اور شیراز پر مشتمل تصویری نمائش کا سالار جنگ میوزیم میں اہتمام کیا جائے گا۔ قونصل خانہ ایران متعینہ حیدرآباد کی جانب سے بلدیہ شیراز اور روزنامہ سیاست کے تعاون و اشتراک سے منعقد کی جانے والی اس نمائش کے دوران سالار جنگ میوزیم میں شیراز کی تصاویر کے علاوہ خطاطی اور چوبکاری کی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ 12 اکٹوبر شام 4 بجے ’’یوم شیراز ‘‘ کا آغاز ہوگا جس میں شیراز کی تصویری نمائش کے ساتھ خطاطی اور چوبی طغروں کی نمائش کا اہتمام کیا جائے گا۔ 13 تا 22 اکٹوبر دن میں صبح 10بجے تاشام5 بجے عوام کے مشاہدہ کیلئے یہ نمائش کھلی رہے گی ۔قونصل خانہ ایران متعینہ حیدرآبادکے زیر اہتمام منعقد کی جانے والی اس نمائش کاافتتاح ریاستی وزیر سیاحت مسٹر ٹی سرینواس گوڑ کریں گے اور اس موقع پر قونصل جنرل ایران آقا مہدی شاہ رخی کے علاوہ ڈاکٹر عدنان آلترینوس قونصل جنرل ترکی متعینہ حیدرآباد کے علاوہ دیگر موجود رہیں گے۔ فارسی تہذیب میں شیراز شہر کو کافی اہمیت حاصل ہے اور ایران کے اس شہرکی تاریخی اہمیت سے متعلق تصاویر پر مشتمل یہ نمائش شہریان حیدرآباد بالخصوص ایرانی و فارسی تہذیب میں دلچسپی رکھنے والوں کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل اور معلومات کا خزانہ ثابت ہوسکتی ہے۔ 10روزہ شیراز تقاریب کے دوران چوبی طغروں کی تیاری و نمائش کے علاوہ فن خطاطی کا بھی مظاہرہ کیا جائے گاجس میں شہر حیدرآباد معروف خطاط اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔م