ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی، آر شوبھا اور ایم جے اکبر کی شرکت
حیدرآباد۔/28ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں محکمہ جنگلات کی جانب سے آزادی کا امرت مہا تسو تقاریب کے تحت انڈیا فار ٹائیگرس کے عنوان سے ریالی منظم کی گئی۔ ریالی کا آغاز 25 ستمبر کو آندھرا پردیش کے این ایس ٹی آر سے ہوا اور امرآباد ٹائیگر ریزرو، کاول ٹائیگر ریزرو، ست کوسیا ٹائیگر ریزرو کا احاطہ کرتے ہوئے 2 اکٹوبر کو سیملی پال ٹائیگر ریزرو میں اختتام پذیر ہوگی۔ چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ ایم جے اکبر آئی ایف ایس کے مطابق ملک میں 51 ٹائیگر ریزرو اور 18 ٹائیگر رینج کا احاطہ کرتے ہوئے مختلف ریاستوں میں 9 مقامات سے اس طرح کی ریالیوں کا اہتمام کیا گیا۔ ریالیوں کے اختتام پر بڑی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے حیدرآباد میں ریالی کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ انہوں نے آندھرا پردیش کے سری سیلم ٹائیگر ریزرو اور امرآباد سے آنے والی گاڑیوں کو آگے کی منزل کیلئے روانہ کیا۔ اس موقع پر اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ شیروں کے تحفظ کیلئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ آر شوبھا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ ایم جے اکبر آئی ایف ایس کے مطابق 1973 میں شیروں کے تحفظ کیلئے پراجکٹ ٹائیگر پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان میں شیروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ حکومت کو جنگلات کے تحفظ کیلئے فنڈز حاصل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات اور شیروں کے تحفظ کے سلسلہ میں عوام میں شعور بیداری کیلئے ریالی منظم کی گئی۔ ر