حیدرآباد۔ تلنگانہ کے بھدرادری کتہ گوڑم ضلع کے کوتہ گوڑم ٹاون میں لوگوں میں خوف اور دہشت دیکھی جارہی ہے کیونکہ شیر نے ایک گائے پر حملہ کردیا۔یہ واقعہ پیر کی صبح کی اولین ساعتوں میں انیسیٹی پلی گاوں میں پیش آیا۔یہ شیر جنگل سے انسانی آبادی میں گھس آیا اور اس نے یہ حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں گائے زخمی ہوگئی۔یہ شیر گذشتہ چند دنوں سے انسانی آبادی میں نظرآرہا ہے ۔اس شیر نے ٹیکولاپلی گاوں میں ایک بچھڑے پر بھی حملہ کیا تاہم مقامی افراد کی جانب سے زور دار آوازیں نکالنے پر وہ وہاں سے فرار ہوگیا ۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے عہدیدار وہاں پہنچے جنہوں نے مقامی افراد سے اس سلسلہ میں تفصیلات معلوم کیں۔محکمہ جنگلات کے عہدیدار اس شیر کے پنجوں کے نشان کے ذریعہ اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
