حیدرآباد۔/26 فبروری، ( سیاست نیوز) ضلع عادل آباد، جئے ناتھ منڈل کے موضع نیرالا میں دھان کے کھیت میں چرنے والے بیل پر شیر کے اچانک حملہ کرنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس حملہ میں بیل کی گردن پر شدید زخم آئے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ گھانس کھانے میں مصروف بیل پر شیر نے اچانک حملہ کرکے بیل کو شدید زخمی کردینے کے واقعہ کو دیکھتے ہوئے قریب میں پائے جانے والے دیگر کسانوں نے ایک ساتھ شیر پر جوابی حملہ کرنے کی کوشش کی۔ جس پر شیر خوف کے عالم میں تیزی کے ساتھ جنگل کے علاقہ میں گھس گیا۔ بعد ازاں کسانوں نے انیمل ہیسبنڈری ڈاکٹروں کو اطلاع دینے پر وٹرنری ڈاکٹرس فوری طور پر مقام واقعہ پر پہنچ گئے اور شدید زخمی بیل کو طبی امداد بہم پہنچائی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ چند دنوں سے شیر موضع کے کھیتوں میں گھومتا پھرتا دکھائی دے رہا ہے ۔ کسانوں نے بتایا کہ شیر کے ڈر سے مویشیاں چرانے والے چرواہے اور کھیتوں میں کام کرنے والے مزدوروں میں ڈر و خوف اور تشویش پائی جارہی ہے۔ مقامی کسانوں نے ریاستی محکمہ جنگلات کے عہدیداروں سے شیر کو پکڑ کر زوالوجیکل پارک کے حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا۔