ممبئی، 29 جون (ایجنسیز) فلم انڈسٹری میں ایک دور ایسا آیا جب پرانے گانوں کو جھنکار بیٹس کے ساتھ ریمکس بناکر دلکش انداز میں رقص کے ساتھ پیش کیا جانے لگا۔ 2002ء میں ایک پرانے گیت ’بنگلے کے پیچھے تیری بیری کے نیچے، کانٹا لگا‘ کو نئے انداز میں ریمکس کرکے پیش کیا گیا تھا۔ ان بیٹس پر رقص اور اس رقص کو پیش کرنے والی دوشیزہ نے مزید غضب ڈھادیا تھا۔ یہ رقص پیش کرنے والی شیفالی زری والا اس وقت ہر دل کی دھڑکن بن گئی تھی۔ اسی شیفالی کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا ہے۔ شیفالی زری والاکاجنم 15 ڈسمبر 1982 کوممبئی میں ہوا۔ ان کا تعلق ایک متوسط سندھی خاندان سے تھا۔ تعلیم میں وہ خاصی سنجیدہ تھی اور کمپیوٹر اپلیکیشنز میں ڈگری حاصل کی۔ مگر ان کی اصل پہچان، ان کی تقدیر نے کسی اور ہی میدان میں لکھ رکھی تھی۔ 2002 میں ’ڈی جے ڈول‘ کے میوزک ویڈیو’کانٹا لگا‘نے ملک بھرمیں دھوم مچائی۔ وہ گیت خود تو ری مکس تھا، لیکن شیفالی کی موجودگی نے اسے نئی زندگی بخش دی تھی۔ وہ ویڈیو اُس وقت کے نوجوانوں کے لیے فیشن، آزادی اور باغیانہ رویے کی علامت بن گیا۔ شیفالی کو پیار سے’کانٹالگاگرل‘ کہا جانے لگا، جو بعد میں ان کی شناخت کا حصہ بن گیا۔ شیفالی کا فلمی سفر محدود رہا، مگر اس میں کچھ اہم موڑ ضرور آئے۔ انہیں اس گیت کے علاوہ فلم اور ٹی وی پر بھی کئی مرتبہ دیکھا گیا۔ شیفالی نے 2004 میں سلمان خان اور اکشے کمار کی فلم’مجھ سے شادی کرو گی‘میں چھوٹا مگر دلچسپ کردار ادا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف اسٹیج شوز اور ایونٹس میں شرکت کی۔ انہیں ٹی وی پر مشہور ڈانس ریئلٹی شو ’نچ بلئے‘ کے سیزن 5 اور 7 میں اپنے شوہر پراگ تیاگی کے ساتھ جلوہ بکھیرتے ہوئے دیکھا گیا۔ 2009 میں وہ مشہور ریئلٹی شو’بگ باس13‘ کا حصہ بنی، جہاں ان کی سنجیدگی، متانت اور شائستہ شخصیت نے ناظرین کو متوجہ کیا۔ 2018 میں آلٹ بالا جی کی ویب سیریز ’بے بی کم نا‘میں اداکاری کی۔ شیفالی نے محدود مواقع کے باوجود اپنی شناخت کو قائم رکھا۔ وہ اپنی حدود کو جانتی تھی، اور ہمیشہ وقار سے اپنا مقام بنایا۔ 27 جون 2025 کی صبح، خبر آئی کہ شیفالی زری والا کا اچانک دل کادورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ ممبئی کے ایک خانگی اسپتال میں انہیں نیم بے ہوشی کی حالت میں لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔ ان کی موت پر پوری انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سوگ میں دکھائی دی اور سوشل میڈیا پر ہمدردی، غم، اور حیرت کا سیلاب اُمڈ آیا۔