نئی دہلی : نوجوان ہندوستانی خواتین بلے باز شیفالی ورما کو پہلی بار ہندوستانی خواتین کی ون ڈے ٹیم میں جگہ ملی ہے ۔ انھیں انگلینڈ کے آنے والے دورے کے لئے تمام فارمیٹس (ٹیسٹ ، ون ڈے ، ٹی 20) کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی تجربہ کار آل راؤنڈر شیکھا پانڈے اور وکٹ کیپر بلے باز تانیہ بھاٹیا کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔ دونوں ہی حال میں جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلوون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے ٹیم سے باہر تھیں۔قومی سلیکٹرز نے انگلینڈ کے دورے کے لئے دو ٹیموں کا اعلان کیا ہے ۔ واحد ٹیسٹ اور تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لئے ، متھالی راج کی سربراہی میں 18 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور ٹی 20 کے لئے علیحدہ 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے ، جس کی کمان ہرمنپریت کورسبنھالیں گی ۔ شیفالی کے علاوہ ان کیپڈ وکٹ کیپر اندرانی رائے نے بھی دونوں ٹیموں میں جگہ بنالی ہے ، جبکہ لیگ اسپنر راجیشوری گائکواڈ کی کورونا سے صحت یابی میں ناکامی کی وجہ سے ڈراپ آوٹ کردیا گیا ہے ۔واضح رہے کہ ہندوستانی خواتین کی ٹیم 16 جون کو برسٹل میں ہونے والے ٹیسٹ میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ اس کے بعد وہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی کھیلے گی۔ اس دورے پر ، رمیش پوار دو سال بعد ہندوستانی خواتین ٹیم کی ہیڈ کوچ کے طور پر واسپی کریں گے ۔