شیلانگ جا نے والی انڈیگو کی فلائٹ میں بم کی دھمکی

   

ٹوائلٹ میں نوٹ ملنے پر افراتفری‘ تمام مسافرین محفوظ

کولکاتہ ۔14؍فروری ( ایجنسیز ) کولکتہ ہوائی اڈے پرآج صبح اس وقت افراتفری مچ گئی جب شیلانگ جانے والی انڈیگو کی ایک پرواز کے ٹوائلٹ میں بم کی دھمکی پر مشتمل ایک مشکوک نوٹ ملنے کی خبر سامنے آئی۔ احتیاط کے طور پر پرواز کو فوری طور پر کسی دوسرے مقام کی طرف لیجایا گیا اور سکیورٹی ایجنسیوں نے باریک بینی سے تحقیقات شروع کر دیں۔کولکتہ سے شیلانگ جانے والی انڈیگو کی فلائٹ6 ای 7304 کے ٹوائلٹ سے مشکوک نوٹ برآمد ہوا۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ اس نوٹ میں بم ہونے کی دھمکی دیئے جانے کا اندیشہ ہے۔ صبح 9.15 پر روانہ ہونے والی پرواز کو سیکیورٹی پروٹوکول کے مطابق مسافروں سے دورآئسولیشن بے میں لے جاکر کھڑا کردیا گیا۔ اس کے بعد بم اسکواڈ اور دیگرسیکیورٹی ایجنسیوں کی ٹیموں نے طیارے کی مکمل تلاشی شروع کردی۔ افسران کے مطابق تمام مسافروں کو جہاز سے بحفاظت اتار لیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کی انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ اس دوران انڈیگو نے کہا ہے کہ تمام ضروری سیکورٹی طریقہ کار پرعمل کیا جا رہا ہے اورسیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ پورا تعاون کیا جا رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ مزید فلائٹ آپریشنز کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔ واقعے کے بعد سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی کی گئی۔ آئیسولیشن زون کے اردگرد سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے۔ طیارے کا سامان بھی اتار کر رن وے پر رکھ دیا گیا جہاں ڈاگ اسکواڈ اور بم ڈسپوزل اسکواڈ خصوصی معائنہ کر رہے تھے۔ ہوائی اڈے کے حکام نے فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ آیا کوئی مشکوک چیز ملی ہے یا نہیں۔