شیلانگ۔ 4مارچ (سیاست ڈاٹ کام)میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ میں کرفیو میں جزوی طور سے ڈھیل دی گئی ہے اور شہر میں چہارشنبہ کے دن تشدد کے کسی طرح کے واقعات سامنے نہیں آئے ہیں۔ضلع انتظامیہ نے آیو ماولوگ کے پولس بازار اور انجلی سینما علاقے میں چہارشنبہ کو دوپہر 12 بجے شام سے 4بجے تک کاروباری علاقوں میں کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ چیراپونجی کے سوہرا میں چہارشنبہ کی صبح 8بجے سے شام 6 بجے تک کرفیو میں چھوٹ دی جائے گی۔ شیلا علاقے میں صبح آٹھ بجے سے دوپہر ایک بجے تک کرفیو میں ڈھیل دی جائے گی۔اسی درمیان شیلانگ میں چہارشنبہ کو قانون وانصرام قائم رکھنے کے سلسلے میں ریاستی پولس کی مدد کرنے کیلئے آر اے ایف کے 110 جوان پہنچ گئے ہیں۔ میگھالیہ پولس کے ترجمان گبریل ایانگ رئی نے بتایا کہ ‘‘ریاست میں صورت حال قابو میں ہے ا ور سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔’’ ریاست کے آدی واسی اور غیر آدی واسی گروپوں میں ہوئے تصادم میں اتوار کو مرنے والے لوگوں کی تعداد بڑھ کر تین ہوگئی ہے جبکہ مشرقی خاسی ہل علاقے میں ایک غیر آدی واسی کو تین نامعلوم لوگوں نے قتل کردیا۔ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کی مخالفت اور انر لائن پرمٹ کی حمایت میں ریلی منعقد کرنے کی وجہ سے کے ایس یو کے رکن اور غیر آدی واسی کے درمیان میگھالیہ میں 28 فروری کو تصادم ہوگیا تھا۔