نئی دہلی: راجکوٹ قلعہ میں نصب چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کو پہنچنے والے نقصان کی تحقیقات کے لیے مہاراشٹر حکومت کے نمائندوں اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، جس کی سربراہی بحریہ کے ایک افسر کر رہے ہیں ۔ بظاہر سندھو درگ، مہاراشٹر میں غیر معمولی موسمی حالات کی وجہ سے مجسمے کو نقصان پہینچا ہے ۔ یہ اطلاع بحریہ کے ترجمان نے جمعرات کو دی۔ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ 4دسمبر کو یوم بحریہ کی تقریبات کے ایک حصے کے طور پر اس مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی تھی۔ یہ تقریب پہلی بار سندھو درگ کے راجکوٹ قلعے میں منعقد کی گئی تھی۔ اس کا مقصد مراٹھا بحریہ اور چھترپتی شیواجی مہاراج کی سمندری دفاع اور سلامتی اور جدید ہندوستانی بحریہ کے ساتھ اس کے تاریخی روابط کی میراث کا احترام کرنا تھا۔ بحریہ نے ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر اس پروجیکٹ کا تصور کیا تھا۔ اس کے لیے ریاستی حکومت نے فنڈز بھی فراہم کیے تھے ۔