چیف منسٹر نے ایرپورٹ پر استقبال کیا، 16 مارچ کو اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔10 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے نئے گورنر شیوا پرتاپ شکلا آج حیدرآباد پہنچے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گورنر اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو ، چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ ، ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی اور گورنر کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ نامزد گورنر نے ایرپورٹ کے وی آئی پی لانچ میں چیف منسٹر سے بات چیت کی۔ بعد میں وہ لوک بھون روانہ ہوگئے۔ چیف منسٹر نے وزراء اور ریاستی عہدیداروں کا تعارف کرایا۔ گورنر کی حیثیت سے کل 11 مارچ کو حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔ چیف جسٹس ہائی کورٹ اپریش کمار سنگھ ‘شیوا پرتاپ شکلا کو گورنر کے عہدہ کا حلف دلائیں گے۔ حلف برداری تقریب کی تمام تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ مرکز نے بعض ریاستوں کے گورنر کی تبدیلی عمل میں لائی ہے جس کے تحت ہماچل پردیش کے گورنر کے طور پر خدمات انجام دینے والے شیوا پرتاپ شکلا کو تلنگانہ کی ذمہ داری دی گئی اور تلنگانہ کے مو جودہ گورنر جشنو دیو ورما کو مہاراشٹرا منتقل کیا گیا ۔ شیوا پرتاپ شکلا کا تعلق اترپردیش سے ہے اور وہ سیاست میں 40 سال کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اترپردیش کی کابینہ میں وہ تین مرتبہ وزیر رہے جبکہ مرکزی کابینہ میں 2017-19 کے درمیان مملکتی وزیر فینانس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ۔ فروری 2023 سے وہ گورنر ہماچل پردیش کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسی دوران جشنو دیو ورما شام میں مہاراشٹرا روانہ ہوگئے۔ تلنگانہ کے نئے گورنر 16 مارچ کو اسمبلی اور کونسل کے بجٹ اجلاس کے آغاز پر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔1