حیدرآباد۔/7ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے کے فوری بعد ریاست کے سینئر آئی پی ایس عہدیدار مسٹر بی شیو دھر ریڈی کو انٹلیجنس سربراہ مقرر کیا ہے۔ 1994 آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے شیودھر ریڈی نے عثمانیہ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور بعد ازاں سیول سرویسس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے متحدہ آندھرا پردیش کیڈر میں نامزد ہوئے۔ انہوں نے سابق میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں جن میں ڈائرکٹر اینٹی کرپشن بیورو، ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون، پولیس کمشنر وشاکھاپٹنم کے علاوہ تلنگانہ کے پہلے انٹلیجنس سربراہ کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے ہیں۔ شیودھر ریڈی کو کئی میڈلس بشمول باوقار پریسیڈنٹ پولیس میڈل سے نوازا گیا ہے اور ریاست تلنگانہ کے اہم عہدیداروں میں ان کا شمار ہوتا ہے۔ تشکیل تلنگانہ کے بعد ریاستی پولیس میں اہم رول ادا کرنے والے شیودھر ریڈی نے پولیس کی نمایاں کارکردگی کیلئے انتہائی اہم نکات تیار کئے تھے جس میں عوام دوست پولیس رویہ شامل ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس کا رتبہ رکھنے والے مذکورہ عہدیدار تلنگانہ اسٹیٹ روڈ سیفٹی اینڈ ریلویز کے سربراہ ہیں۔