بھوپال۔ مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کی ریاستی یونٹ کے صدر کمل ناتھ نے شیوراج حکومت پر دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کو دبانے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ شیوراج حکومت کو اوبی سی کیٹگری سے اتناخوف کیوں ہے ۔ کمل ناتھ نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اوبی سی مہاسبھا کے ذریعہ اپنے جائز مطالبات کے تعلق سے دوجنوری کو سی ایم ہاوس کے گھیراؤ کے پہلے مقررہ پرامن پروگرام کے پہلے ان پر جبر کرنے کے درپر ہوگئی ہے ۔ او بی سی مہاسبھا کے عہدیداروں کے مطابق انہیں ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے ، نوٹس دیے جا رہے ہیں، انہیں تھانوں میں بٹھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شیوراج حکومت او بی سی طبقے سے اتنا خوفزدہ کیوں ہے ؟ نہ توحکومت او بی سی طبقے کا مفاد چاہتی ہے اور نہ ہی ان کی بات سننا چاہتی ہے ۔ او بی سی مہاسبھا کا کل راجدھانی بھوپال میں مظاہرے کا پروگرام تھا۔ بھوپال پولس نے کورونا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے درمیان ہونے والے اس پروگرام سے پہلے مہاسبھا کے عہدیداروں کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے ۔
