بھوپال۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش کانگریس صدر کے میڈیا کنوینر نریندر سلوجا نے آج الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان شراب پر سیاست کررہے ہیں،جبکہ ان کے ہی دور اقتدار کے دوران اس تجارت کو فروغ دیاگیا ہے ۔ سلوجا نے یہاں جاری بیان میں کہا کہ جب مسٹر چوہان کی پارٹی اقتدار میں تھی اور وہ 13سال تک وزیراعلی تھے ،تب ان کی حکومت نے شراب کے کاروبار کو خوب بڑھاوا دیا اور شراب پر پابندی کا اعلان کر اپنے وعدے سے پلٹ گئے ۔لیکن آج جب اقتدار میں نہیں ہے ،اپوزیشن میں ہیں تو شراب کے مخالف بن کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ سلوجا نے کہا کہ مسٹر چوہان کی حکومت کے وقت اس وقت کے رکن اسمبلی جیتو پٹواری نے جب اس وقت کے وزیر خارجہ جینت ملئیا سے شراب دکانوں اور شراب بندی کو لے کر سوال پوچھا تھا،توانہوں نے واضح کیا کہ حکومت شراب پر پابندی کے حق میں نہیں ہے ۔