کسان تحریک کو لے کر سیاست مسلسل گرم ہے۔ ایک طرف غازی پور بارڈر پر کسان دھرنے پر ڈٹے ہوئے ہیں تو وہیں دوسری طرف دلی پولیس کسانوں کو دلی میں گھسنے سے روکنے کے لئے کیلیں بچھانے اور دیوار کھڑی کرنے جیسی جگاڑ کر رہی ہے۔ ان سب کے درمیان منگل کو شیوسینا کے ترجمان اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راوت غازی پور بارڈر پہنچے۔ یہاں انہوں نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت سے ملاقات کی۔سنجے راوت نے کہا کہ ہم نے پہلے دن سے ہی زرعی قوانین کی مخالفت کی ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے مجھے خاص طور پر غازی پور بارڈر پر چل رہی کسان تحریک میں بھیجا ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ نے کسان لیڈر راکیش ٹکیت کو میرے ذریعہ پیغام بھیجا ہے کہ شیوسینا اور مہاراشٹر حکومت پوری طرح سے کسانوں کے ساتھ کھڑی ہوئی ہے۔ سنجے راوت نے بتایا کہ شیوسینا سربراہ بھی کسان لیڈر راکیش ٹکیت سے خود بات چیت کریں گے۔ تحریک سڑک کی ہے اور سڑک پر رہے گی۔