شیوسینا مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حصہ نہیں لے گی

,

   

چیف منسٹر ممتا بنرجی کا مکمل ساتھ دینے ادھو ٹھاکرے کا اعلان

ممبئی : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر مہاراشٹرا اودھو ٹھاکرے زیرقیادت شیوسینا پارٹی نے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیوسینا کے ایم پی سنجے راوت نے آج اعلان کیاکہ اِن کی پارٹی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کا مقابلہ نہیں کرے گی۔ اودھو ٹھاکرے اور سنجے راوت کے درمیان تبادلہ خیال کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ سنجے راوت نے 17 جنوری کو کہا تھا کہ شیوسینا مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں حصہ لے گی لیکن آج اُنھوں نے کہاکہ شیوسینا چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے اُن کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ سنجے راوت نے ٹوئٹر پر ایک پیام پوسٹ کرتے ہوئے کہاکہ کئی لوگوں کو اِس بات کی بے چینی ہے کہ شیوسینا آیا مغربی بنگال انتخابات میں مقابلہ کرے گی یا نہیں؟ میں پارٹی صدر ادھو جی ٹھاکرے سے مشاورت کے بعد یہ اعلان کرتا ہوں کہ مغربی بنگال میں ہم ممتا بنرجی کا ساتھ دیں گے۔ اب مغربی بنگال کے یہ انتخابات دیدی بمقابلہ تمام ہوگا۔ مودی حکومت کے تمام ’M‘ منی، مزل اور میڈیا کا ہم سامنا کریں گے۔