شیوسینا کے 45 ایم ایل ایز بی جے پی کے رابطہ میں

   

حکومت میں شامل ہونے کے خواہاں، سنجے کاکڈے کا دعویٰ
ممبئی ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا سنجے کاکڈے نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ شیوسینا کے نو منتخب 45 ارکان اسمبلی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاکر مہارا شٹرا میں تشکیل حکومت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ایک ٹی وی چیانل سے بات چیت کرتے ہوئے رکن راجیہ سبھا یہ دعویٰ ایک ایسے وقت کیا ہے جب بی جے پی اور شیوسینا میں ریاست میں تشکیل حکومت کے مسئلہ پر ارسہ کشی جاری ہے ۔ حالیہ ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو 105 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے جبکہ اس کی حلیف شیوسینا نے 56 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ دونوں میں اقتدار میں حصہ داری کے مسئلہ پر شدید تنازعہ جاری ہے ۔ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا نے بتایا کہ (56)کے منجملہ شیوسینا کے 45 ار کان اسمبلی نے بی جے پی کے ساتھ تشکیل حکومت میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے حکومت میں ان کو شامل کرنے کی درخواست بھی کی ہے ۔ ا نہوں نے شیوسینا ایم ایل ایز کے حوالے سے یہ بھی بتایا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے لیکن وہ بی جے پی کے ساتھ حکومت میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ نیوز ایجنسی نے سنجے کاکڈے سے اس سلسلہ میں رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ 45 ارکان اسمبلی کا خیال ہے کہ تشکیل حکومت کے لئے بی جے پی اور شیوسینا کو ہاتھ ملانا چاہئے ۔ حالیہ انتخابات میں کم نشستیں ملنے پر حلیف جماعت شیوسینا اقتدار میں مساوی حصہ داری کیلئے اصرار کر رہی ہے۔