پانچ سال بعد دوبارہ حلیف بی جے پی کیساتھ رسہ کشی شروع
ممبئی، 21ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے واضح طور پر کہاہے کہ بی جے پی کے ساتھ اتحاد برقرار ہے اور دونوں پارٹیاں آئندہ انتخابات 135-135 نشستوں پر لڑیں گی۔ ادھو نے مختلف قیاس آرائیوں کے درمیان یہ بات کہی ہے جبکہ پانچ سال قبل یہی نشستوں کی تقسیم کے مسئلے پر دونوں حلیفوں میں اختلافات اس قدر بڑھے تھے کہ دونوں نے چناؤ علحدہ لڑے۔ تاہم، الیکشن کے بعد تشکیل حکومت کیلئے دونوں میں دوبارہ مفاہمت ہوگئی۔ مذکورہ فارمولے پر بی جے پی صدر امیت شاہ اور چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے فیصلہ کیا ہے اور ہم اسی پر کاربند ہیں اور اس اتحاد کے بارے میں جلد ہی اعلان کردیاجائے گا۔ دونوں پارٹیاں باقی نشستیں دیگر اتحادی جماعتوں کیلئے چھوڑ دیں گی۔مہاراشٹرا اسمبلی میں مجموعی طور پر دو سو اٹھاسی (288 )نشستیں ہیں۔دریں اثناء معروف کسان لیڈر کشور ساہو نے گزشتہ روز شیوسینا میں شمولیت اختیار کرلی ،حالانکہ چند روز قبل موٹر وہیکل ایکٹ سمیت کئی معاملات پر ان کا بی جے پی کیساتھ معاہدہ ہواتھا۔