گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے حلف دلایا‘ سابق چیف منسٹر دیویندر فڈنویس کو ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ
ممبئی: شیو سینا باغی گروپ کے قائد ایکناتھ شنڈے کو مہاراشٹرا کا نیا چیف منسٹر بنایا گیا ہے ۔ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے راج بھون میں منعقدہ ایک سادہ تقریب میں ایکناتھ شنڈے کو عہدہ اور راز داری کا حلف دلایاجبکہ سابق چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے ڈپٹی چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لیا ۔ تقریب میں بی جے پی اور شیو سینا باغی گروپ کے قائدین موجود تھے ۔ دیویندر فڈ نویس نے کہا کہ بی جے پی اور شیو سینا قائدین کی مشاورت کے بعد نئی کابینہ تشکیل دی جائے گی ۔ قبل ازیں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرکے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا ۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ فڈنویس نے کہا کہ مہا وکاس اگھاڑی حکومت کے دوران عوامی رائے (مینڈیٹ) کی توہین کی گئی تھی کیونکہ عوام نے مہاوکاس اگھاڑی کو اکثریت نہیں دی تھی۔ انتخابات کے بعد بی جے پی سب سے بڑی پارٹی بنی تھی۔ بی جے پی ۔ شیو سینا نے اتحاد میں انتخاب لڑا تھا لیکن شیو سینا نے کانگریس اور این سی پی کے ساتھ ملک کر حکومت سازی کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس دوران بالا صاحب ٹھاکرے کے نظریات کو بھی طاق پر رکھ دیا گیا۔
اس دوران ایکناتھ شنڈے نے کہا کہ وہ مہاراشٹرا کی ترقی کے لئے بی جے پی کے ساتھ آئے ہیں۔ اس سے پہلے خبر تھی کہ دیویندر فڈنویس آج شام 7.30 بجے چیف منسٹر کیٰ عہدے کا حلف لینے جا رہے ہیں، تاہم غیر متوقع طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ ایکناتھ شنڈے ریاست کے نئے چیف منسٹرٰ ہوں گے۔ گزشتہ روز ادھو ٹھاکرے کے استعفی دینے کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ دیویندر فڈنویس چیف منسٹر ہونگے لیکن بی جے پی نے باغی گروپ کے قائد کو چیف منسٹر کا عہدہ دیکر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔
شنڈے گروپ کے ایک لیڈر دیپک کیسرکر نے کہا کہ شیوسینا ایک ہی ہے صرف اسمبلی میں پارٹی کے دو گروپ بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز پارٹی کے لیڈر آج بھی ایکناتھ شنڈے ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شنڈے نے کسی کی پیٹھ میں خنجر نہیں مارا ہے، سنجے راوت اس طرح کے بیان صرف لوگوں میں ناراضگی پیدا کرنے کے لئے دے رہے ہیں۔