شیو سینا نے اودھو ٹھاکرے کے بیٹے کو دیا ٹکٹ ، پہلی مرتبہ ٹھاکرے کنبہ کا کوئی رکن لڑے گا الیکشن

,

   

مہاراشٹر کی سیاست میں بڑی تبدیلی ہوئی ہے ۔ پہلی مرتبہ ٹھاکرے کنبہ کا کوئی رکن الیکشن لڑنے جارہا ہے ۔ شیو سینا نے اودھو ٹھاکرے کے بیٹے آدتیہ ٹھاکرے کو انتخابی میدان میں اتار دیا ہے ۔ شیو سینا نے آدتیہ ٹھاکرے کو ممبئی کی ورلی سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے ۔ یہ سیٹ ابھی شیو سینا کے قبضہ میں ہی ہے ۔ موجودہ ممبر اسمبلی کا ٹکٹ کاٹ کر آدتیہ کو ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے مہاراشٹر کی سیاست میں سب سے طاقتور کنبہ مانے جانے والے ٹھاکرے کنبہ کا کوئی بھی رکن انتخابی میدان میں نہیں اترا تھا ۔

آدتیہ ٹھاکرے کے میدان میں اترتے ہی یہ طے ہوگیا ہے کہ شیو سینا نے اب اپنی نگاہیں مہاراشٹر وزیر اعلی کی کرسی پر مرکوز کردی ہیں ۔ ایک دن پہلے ہی اودھو ٹھاکرے نے کہا تھا کہ انہوں نے بالا صاحب ٹھاکرے سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ایک شیو سینک کو وزیر اعلی کی کرسی پر بیٹھائیں گے ۔ اس سے پہلے بھی کئی شیو سینک آدتیہ ٹھاکرے کو وزیر اعلی بنانے کا مطالبہ کرچکے ہیں ۔

حالانکہ بی جے پی یہ سیٹ دینے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ مہاراشٹر میں بی جے پی کے پاس 135 مممبران اسمبلی ہیں ۔ شیو سینا کے پاس 75 ممبران اسمبلی ہیں ۔ ابھی بی جے پی شیو سینا اتحاد کا اعلان نہیں ہوا ہے ، لیکن اتنا طے ہے کہ بی جے پی شیوسینا کو خود سے زیادہ سیٹیں نہیں دے گی ۔