شیو سینا کا جموں میں موبائل ٹیاپنگ کے خلاف احتجاج، قانون سازی کا مطالبہ

   

جموں: شیو سینا یونٹ جموں نے جمعہ کے روز یہاں موبائل ٹیاپنگ کو لے کر حکومت کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے اس معاملے میں جانچ کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی موبائل ٹیاپنگ کی جانچ کرو جانچ کرو’ جیسے نعرے لگا رہے تھے اور انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈس بھی اٹھا رکھے تھے ۔اس موقع پر یونٹ کے صدر منیش سہانی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے اب موبائل فون بے کار ہیں کیونکہ ہمیں ڈر ہے کہ کہیں کوئی تیسرا ہماری باتیں نہ سنتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ موبائل ٹیپنگ کے الزامات بڑے لیڈروں اور صحافیوں نے لگائے ہیں جن میں جانچ کی جانی چاہئے ۔موصوف صدر نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران اپنی من مانیوں سے باز نہیں آتے ہیں جبکہ بے روز گاری اور مہنگائی بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے موبائل ٹیاپنگ کی جانچ کرنے اور ذاتی ڈیٹا کے تحفظ کے لئے قانون سازی کا مطالبہ کیا۔