شیو کمار کوسپریم کورٹ سے راحت ، ای ڈی کا مقدمہ منسوخ

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو کرناٹک کے نائب وزیر اعلی ڈی کے شیوکمار کے خلاف 2018 کے منی لانڈرنگ کیس کے ایک مقدمے کی کارروائی کو منسوخ کر دیا۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس کے وی وشواناتھن کی بنچ نے درخواست گزار نائب وزیر اعلی شیوکمار اور دیگر کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحقیقات جاری رکھنے کے کرناٹک ہائی کورٹ کے اگست 2019 کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواست پر یہ حکم دیا۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے اس حکم کو منسوخ کردیا، جس میں ای ڈی کو اپنی تحقیقات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔ای ڈی نے مسٹر شیوکمار کو سمن جاری کیا تھا، جسے انہوں نے کرناٹک ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ای ڈی نے 2017 میں انکم ٹیکس چھاپوں کے دوران مبینہ طورپر شیوکمار سے جڑے دہلی کے احاطے سے تقریباً 7 کروڑ روپے کی نقد رقم ضبط کرنے کی اطلاع کے بعد 2018 میں ان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا تھا۔کانگریس لیڈر شیوکمار کو ستمبر 2019 میں ای ڈی کے ذریعہ کئی دنوں کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ اس معاملے میں دہلی ہائی کورٹ نے اکتوبر 2019 میں انہیں ضمانت دی تھی۔