’شی مارٹ اینڈ لو‘ جی ایچ ایم سی کا انوکھا آغاز

   

حیدرآباد 3مارچ(یواین آئی) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)نے ’’شی مارٹ اینڈ لو‘‘کی شروعات کی ہے ۔جی ایچ ایم سی کا یہ دراصل انوکھا نظریہ ہے جس کے تحت ‘‘شی مارٹ اینڈ لو ’’کا آغاز کیا گیا ہے جس میں خواتین کی ضروریات کی تمام اشیا دستیاب ہیں۔ڈی ہری چندنا زونل کمشنر سیری لنگم پلی زون جی ایچ ایم سی نے کہاکہ شہر کی کئی خواتین جنہوں نے عوامی بیت الخلا کا استعمال کیا ہے ،نے شکایت کی ہے کہ وہ ایسے عوامی بیت الخلاوں میں محفوظ نہیں ہیں،کیونکہ ایسے بیت الخلاوں کے باہر خواتین نہیں رہتی ہیں۔حفظان صحت کے عوامل پر بھی وہ فکر مند ہیں۔اس کے بعد جی ایچ ایم سی نے یہ محسوس کیا کہ اگر ایسے خواتین کے بیت الخلاوں کی نگرانی اگر خواتین کریں گی تو خواتین کو ایسے بیت الخلاوں کے استعمال کیلئے بھروسہ پیداہوسکے گا۔یہی وجہ ہے کہ ہم نے خواتین کو ان بیت الخلاوں کی نگرانی کی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ان گلابی رنگ کے بیت الخلاوں میں بچوں کو دودھ پلانے کا کمرہ بھی ہے ۔ساتھ ہی معذور خواتین کے لئے علحدہ بیت الخلا کی بھی سہولت رکھی گئی ہے ۔زائد سیکوریٹی کے لئے باہر سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔اس بیت الخلا میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی )کی جانب سے تیار کردہ ماحول دوست اشیا کو بھی فروخت کیلئے رکھا گیا ہے ۔جی ایچ ایم سی ، ایسے سیلف ہیلپ گروپس کا وسیع نٹ ورک رکھتا ہے جن کو کئی مہارتوں کی تربیت دی جارہی ہے ۔ان خواتین کو جوٹ کے بیگس ،کپڑے کے بیگس ،پیپر بیگس کے ساتھ ساتھ آرٹ اینڈ کرافٹس کی بھی تربیت دی جاتی ہے ۔علاوہ ازیں نامیاتی غذا کی تیاری کی بھی تربیت دینے کا کام کیاجارہا ہے ۔ اس طرح ان کو کئی مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔اس طرح اس نظریہ کو دونوں ضروریات سے جوڑا گیا ہے ۔