حقوق کے تحفظ کیلئے قانون پر عمل آوری ضروری، نارائن پیٹ میں سیول سپلائی آفیسر کا خطاب
نارائن پیٹ ۔ 24 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یوم قومی صارفین کے موقع پر ضلع مستقر نارائن پیٹ کے کلکٹر آفس میٹنگ ہال میں محکمہ سیول سپلائز کے تحت یوم قومی صارفین کو شاندار طریقہ سے منایا گیا۔ اس موقع پر شریمتی شیلجا، سیول سپلائی آفیسر نے کہا کہ صارفین کے حقوق اور تحفظ کے لئے قانون پر عمل آوری ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنزیومر رائٹس ایکٹ 1986 میں نافذ کیا گیا اور اس میں حقوق میں تبدیلی کرتے ہوئے 2019 کنزیومر ایکٹ کے طور پر نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین آن لائن اشتہارات پر یقین نہ کریں اور دھوکہ نہ کھائیں۔ ایسے جعلی اشتہارات وائی فائی و واٹس ایپ کے ذریعہ آسانی سے آپ کو دھوکہ دے سکتے ہیں اور آپ کی محنت کی کمائی کو لوٹ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پاس ورڈ سیٹ نہ کریں اور دوسرے کے ساتھ او ٹی پی شیر نہ کریں۔ کسی بھی پروڈکٹ کو خریدتے وقت صارفین کو پروڈکٹ مینوفیکچرنگ اڈریس، پروڈکٹ کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ اور ان کا پتہ معلوم کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین ڈیجیٹل پیمنٹ، کیو آر کوڈ سسٹم، موبائیل ایپس کے ذریعہ ادائیگی کرنے سے پہلے بہت احتیاط سے کام لیں۔ کاشت کار بیج اور ادویات خریدتے وقت بوگس کمپنیوں سے ہوشیار رہیں اور کوئی بھی چیز خریدتے وقت رسید ضرور لیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صارفین کہیں دھوکہ دہی کا شکار ہوں تو ضرور ضلعی صارف فورم سے ربط پیدا کریں اس موقع پر ڈی اے او زیڈ، ڈی پی، سی ای او، کنزیومر آرگنائزیشن اور صارفین اور ڈیلروں نے شرکت کی۔