صارفین کو ہراساں کرنے کے خلاف ڈیلرس کو انتباہ

   


ریاستی صدر نشین فوڈ کمیشن تروملا ریڈی کا میدک دورہ، کلکٹر نے خیرمقدم کیا

میدک۔ صدرنشین اسٹیٹ فوڈ کمیشن تروملا ریڈی نے کلکٹر ایس ہریش کے ہمراہ میدک اور توپران کا دورہ کرتے ہوئے بعض راشن شاپس کا معائنہ کیا اور دکانوں میں موجود اسٹاکس رجسٹرس اور الیکٹرانک ترازو کی تنقیح کی۔ بعد ازاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تروملا ریڈی نے کہا کہ راشن شاپس کے ذریعہ سربراہ کی جانے والی تمام اشیائے ضروریہ اور اناج OTP کے بغیرشرط کے دیجائے ۔ انہوں نے راشن ڈیلرس کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ صارفین کو غیر ضروری شرائط سامنے رکھتے ہوئے پریشان نہ کیا جائے ورنہ ڈیلرس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مسٹر تروملا ریڈی نے کہا کہ ساری ریاست میں 17,200 وائیٹ کارڈ ہولڈرس موجود ہیں جس کے تحت 80 لاکھ خاندانوں کو امدادی شرحوں پر چاول اور دیگر اشیاء سربراہ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے دور میں ہائی کورٹ کی ہدایت پر آئریش کے تحت اشیاء کی سربراہی عمل میں لائی جارہی تھی تاہم انہوں نے کہا کہ OTP لنک کے لئے آخری تاریخ 22 فروری مقرر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں رہنے والے صارفین جو معذور ہیں انہیں ان کے گھر تک اشیاء کی سربراہی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوتراج پلی میں ترازو میں خرابی اور الہ پور میں کیڑوں بھرے چاول کی سربراہی پر ڈیلرس کوپابند کیا گیا۔ اس اجلاس میں فوڈ کمیشن کے ارکان گوردھن ریڈی، شاردا، بھارتی، ڈسٹرکٹ سیول سپلائیز آفیسر سرینواس، ڈسٹرکٹ رورل ڈیولپمنٹ آفیسر سرینواس، ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر ترون موجود تھے۔ صدر نشین اسٹیٹ فوڈ کمیشن تروملا ریڈی کی آمد پر ضلع کلکٹر میدک ایس ہریش نے گلدستہ پیش کیا۔