صارفین کے حقوق میں مزید حقوق کی شمولیت

   

ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سماعت میں شرکت کی سہولت
حیدرآباد۔7اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت ہند کی جانب سے صارفین کے حقوق میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور صارفین کو 5نئے حقوق فراہم کئے گئے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ نئے حقوق کے بعد حکومت نے صارفین کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ سماعت میں حصہ لینے کا حق فراہم کیا ہے ۔ اسی طرح کسی بھی شکایت کو اندرون 21یوم حل کرنے کی ہدیات دے دی ہے اور شکایت کنندہ کی شکایت کو مسترد کئے جانے کے بعد اندرون 21یوم شکایت کنندہ استرداد کی وجوہات دریافت کرنے کا حق رکھتا ہے۔ ترمیم کے بعد اب ضلع یا ریاستی صارفین فورم یا کمیشن کہیں بھی کسی بھی کمپنی یا تجارتی ادارہ کے خلاف صارف اپنی شکایت درج کرواسکتا ہے۔کمپنی کی جانب سے گمراہ کن اشتہار کے ذریعہ صارفین کو گمراہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں بھی صارفین کو اشتہار شائع کرنے والے اداراہ اور نشر کرنے والوں کے خلاف بھی شکایت کا حق حاصل ہے۔ای ۔ کامرس کے ذریعہ خریدی جانے والی اشیاء یا کسی تجارتی ادارہ سے خریدی جانے والی اشیاء میں نقص نکلتا ہے اور خریدار یہ سمجھتا ہے کہ اس کا معاوضہ اسے ملنا چاہئے تو وہ بھی صارفین فورم سے رجوع ہوسکتا ہے۔صارفین کو حکومت کی جانب سے اختیارات کی فراہمی کا اعلان تو کیا گیا ہے لیکن ملک بھر میں صارفین فورم اور کمیشن کے صدر کی 118 جائیدادوں پر تقررات کئے جانے باقی ہیں جبکہ کمیشن کے ارکان کی ضلعی سطح پر 596جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور ان جائیدادوں پر تقررات کے بغیر اندرون 21یوم شکایت کی سماعت کا حق دیا جانا بے فیض تصور کیاجا رہاہے کیونکہ جب عملہ ہی نہیں ہے تو کس طرح سے ان شکایات کی سماعت کو ممکن بنایا جاسکے گا!