سڑکوں پر کچہرا پھینکنے اور تھوکنے کے خلاف کارروائی ، کمشنر جی ایچ ایم سی دانا کشور
حیدرآباد۔3جولائی (سیاست نیوز) شہر میں صفائی کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے چلائی جارہی ’ صاف حیدرآباد‘ شاندار حیدرآباد‘ مہم کے دوران اب تک جملہ 44لاکھ 4ہزار 950روپئے جرمانے وصول کئے گئے اور 3 جولائی کو ایک دن میں جملہ 99 چالانات کے ذریعہ 96ہزار 100روپئے وصول کئے گئے ۔کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور کی راست نگرانی چلائی جانے والی اس مہم کے دوران سڑکوں پر کچہرا پھینکنے کے علاوہ تھوکنے والوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے اوران تجارتی اداروں کو بھی چالانات کئے جا رہے ہیں جو اپنے تجارتی اداروں سے نکلنے والے کچہرے کو سڑک پرپھینک رہے ہیں۔24 مئی سے جاری اس مہم کے دوران اب تک جملہ 2ہزار 809چالانات کئے گئے جن کی جملہ رقم 44لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ مسٹر دانا کشور نے صفائی عملہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں سخت اقدامات کرتے ہوئے کاروائی کریں اور چالان کرنے میں کوئی رعایت نہ کریں ۔بتایاجاتا ہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے بعد بلدی حدود میں موجود تمام وارڈس میں صفائی عملہ بالخصوص عہدیداروں نے تجارتی اداروں کے علاوہ ان لوگوں کے خلاف سخت کاروائی کرنی شروع کردی ہے جو لوگ سڑک پر گندگی پھیلانے کے مرتکب بن رہے ہیں۔مہم کے دوران اب تک سب سے زیادہ چالانات چندا نگر کے علاقہ میں کئے گئے جہاں چالانوں کی تعداد 245 ہوچکی ہے اور ان کے ذریعہ 9لاکھ 27ہزار 300 روپئے وصول کئے جا چکے ہیں۔دوسرے نمبر پر خیریت آباد ہے جہاں چالانوں کی تعداد 224 ہے اور ان چالانات کے ذریعہ وصول کی گئی رقم 3لاکھ 14ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔تیسرے نمبر پر جوبلی ہلز کا علاقہ ہے جہاں اب تک 206 چالانات کئے جاچکے ہیں اور ان کے ذریعہ اب تک جملہ2لاکھ 63ہزار 500 روپئے رقم وصول کی جاچکی ہے۔چارمینار کے علاقہ میں 111 چالانات کے ذریعہ 56ہزار 200 روپئے رقم وصول کی گئی ہے جبکہ چندرائن گٹہ کے علاقہ میں کی گئی کاروائی کے دوران 101چالانات سے 65ہزار 900روپئے وصول کئے گئے ہیں سب سے کم چالانات یوسف گوڑہ میں کئے گئے جہاں چالانات کی تعدادصرف 2ہے۔
