ماملاپورم ، 12 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ غیررسمی چوٹی ملاقات کے لیے جمعہ سے ٹاملناڈو کے ماملاپورم میں ہیں۔ ہفتہ کی صبح کا آغاز انھوں نے سوچھ بھارت ابھیان اور فٹ انڈیا مہم کے تعلق سے خاص پیام کے ساتھ کیا۔ وزیراعظم کو علی الصبح ایک بیچ پر زائد از 30 منٹ چہل قدمی کے ساتھ ساتھ وہاں پھیلے کوڑا کرکٹ کو صاف کرکے ایک بڑی پلاسٹک تھیلی میں جمع کرتے دیکھا گیا۔ انھوں نے عوام سے اپیل بھی کی کہ عوامی مقامات کو صاف ستھرے رکھیں۔ سیاہ کرتا پائجامہ پہنے مودی کو ہاتھ میں بڑا پلاسٹک بیاگ لے کر صبح کی اپنی چہل قدمی کے دوران مختلف نوعیت کا کچرا اور ریت پر پڑی خالی بوتلیں اٹھا کر بیاگ میں ڈالتے دیکھا گیا۔ صفائی مہم کے اختتام پر وزیراعظم نے سارا کچرا مقامی صفائی کرمچاریوں کے حوالے کردیا۔ بعد میں بیچ کی صفائی کرتے ہوئے اپنے 3 منٹ کے ویڈیو کے ساتھ مودی نے ٹوئٹ کیا کہ آج صبح ماملاپورم میں ایک بیچ پر چہل قدمی کے ساتھ صفائی کا کام انجام دیا۔ یہ زائد از 30 منٹ چلا۔ میں نے جو کچھ جمع کیا وہ جئے راج کے حوالے کردیا جو مقامی ہوٹل اسٹاف کا حصہ ہے۔ آئیے ہم سب مل کر عوامی مقامات کو صاف ستھرا اور ٹھیک ڈھنگ سے رکھیں۔ ہم یہ بھی یقینی بنائیں کہ ہمیں فٹ اور صحت مند رہنا ہے۔ وزیراعظم کا آج کا عمل ’پلاگنگ‘ کہلاتا ہے جو ’جاگنگ‘ کے ساتھ ساتھ کوڑا کرکٹ چننے کو کہتے ہیں۔
یہ لفظ جاگنگ سے ہی اخذ کیا گیا ہے اور اس کے شرکائہلکی پھلکی دوڑ اور چہل قدمی کرتے ہوئے راستے میں ملنے والا کوڑا کرکٹ چن لیتے ہیں۔ وزیراعظم نے حالیہ دنوں میں زور دیا تھا کہ ہندوستان سے ’سنگل یوز پلاسٹنگ‘ کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ گزشتہ ماہ انھوں نے عوام سے اپیل کی تھی کہ ملک بھر میں 2 اکٹوبر کو شروع ہونے والی دو کیلومیٹر طویل دوڑ میں حصہ لیتے ہوئے پلاگنگ کو فروغ دیں۔وزیراعظم مودی کی آج صبح کی سرگرمی کا ویڈیو خاص طور پر ٹوئٹ کے ساتھ اَپ لوڈ کیا گیا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ مودی پوری تیاری سے بیچ کو آئے۔ شروع سے دیکھنے میں آیا ہے کہ مودی تصویر کشی، فلمبندی وغیرہ کے ایسے مواقع ہرگز نہیں گنواتے۔ تاہم، آج کے پیام اور ان کے عمل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ صبح چہل قدمی کرنا ان کا معمول ہے، لہٰذا، وہ کہیں بھی ہو، مناسب جگہ چہل قدمی اور جاگنگ ضرور کرتے ہیں۔ ظاہر ہے ان کے ساتھ عملہ اور سکیورٹی بھی رہتی ہے۔ اگر وہ چاہتے تو صفائی کرمچاریوں کو طلب کرکے بیچ کی فوری صفائی کروا سکتے تھے۔ وہاں بہ نفس نفیس سادہ ہاتھوں سے کچرا چننا بلاشبہ عام پیٹ بھرے سیاسی لیڈروں سے انفرادیت پیدا کرنے والا عمل ہے۔ حکمرانی میں بی جے پی، مادر تنظیم آر ایس ایس، مودی، امیت شاہ و دیگر کے تمام منفی اقدامات بھرپور تنقید کے قابل ہیں، لیکن مودی کی پلاگنگ جیسے کاموں نے انھیں بلاشبہ الگ پہچان دلائی ہے۔