حیدرآباد۔/28 جولائی، ( سیاست نیوز) بہتر صحت کیلئے انسان کو کم از کم 30 منٹ روزانہ سورج کی روشنی کا سامنا کرنا چاہیئے۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر سدھیر کمار نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تجربات پیش کرتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی درازی عمر چاہتا ہے تو روزانہ 5 تا 30 منٹ سورج کی روشنی میں رہے ایسے وقت جبکہ سورج کی الٹرا وائیلیٹ شعاعیں کمزور رہیں یعنی صبح طلوع آفتاب کے وقت سورج کی روشنی صحت کیلئے مفید ہے۔ ڈاکٹر سدھیر کمار نے ایک ریسرچ کا حوالہ دیا اور کہا کہ ایسے افراد جو سگریٹ نوشی نہیں کرتے لیکن سورج کی روشنی سے بچتے ہیں ان کی زندگی ایسے سگریٹ نوش افراد کے برابر ہوتی ہے جو سورج کی روشنی کا سامنا کرتے ہیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ سورج کی روشنی سے بچنا سگریٹ نوشی کی طرح انسان کیلئے نقصاندہ ہوسکتا ہے۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سورج کی روشنی سے بچنے سے عمر میں 0.6 تا 2.1 سال کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ سورج کی شعاعوں سے ذیابیطس، ہائپر ٹینشن، کارڈیو وائسکولر بیماریوں اور کئی انفیکشن سے بچا جاسکتا ہے۔ سورج کی شعاعوں میں وٹامن ڈی ہوتا ہے جو صحت کیلئے مفید ہے۔ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سورج کی شعاعوں سے جلد کے کینسر سے بچا جاسکتا ہے۔1