نئی دہلی : سن رائزرس حیدرآباد کے ہیڈ کوچ ٹریلیر بائیلس نے کہا ہے کہ رواں آئی پی ایل میں ٹیم جسے 6 مقابلوں میں 5 ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں لیکن کھلاڑیوں کو صبر اور اعتماد نہیں کھونا چاہئے تاکہ وہ بہتر واپسی کرسکیں۔ بائیلس نے کہاکہ اِس میں کوئی شک نہیں کہ ٹیم شاندار واپسی کرسکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ اگر آپ ٹیم کے مظاہروں اور نتائج کا تجزیہ کریں تو معلوم ہوگا کہ ہم نے ابتدائی 4 مقابلے صرف 10 رنز کے فرق سے گنوائے اور صرف ایک یا دو کیچس چھوڑے گئے ہیں جبکہ چند ایک خراب اوورس ڈالے گئے۔ انھوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کے لئے اب ضروری ہے کہ صبر اور اعتماد کو نہ کھوئیں اور ایک ساتھ بہتر مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں جس سے واپسی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔ یاد رہے حیدرآباد کو گزشتہ مقابلے میں چینائی سوپر کنگس کے خلاف 7 وکٹوں کی شکست برداشت کرنی پڑی جوکہ ٹورنمنٹ میں اس کی پانچویں شکست ہے۔