صبر وتحمل‘ انسانوں کی قدردانی اور غریبوں کی مدد کرنا رمضان کا اہم پیغام

   

پداپلی میں میناریٹی ایمپلائز اسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ دعوت افطار سے ضلع کلکٹر مزمل خان کا خطاب

پداپلی۔23؍مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ضلع کلکٹر مزمل خان نے کہا کہ تمام مذاہب ہمیں انسانی اقدار کے ساتھ زندگی گزارنے کا درس دیتے ہیں، اگرچہ ہمارے راستے الگ ہیں، لیکن ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ ہم اپنے ساتھی انسان سے پیار کرتے ہوئے اور غریبوں کی مدد کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں۔جمعہ کی شام ضلع کلکٹر مزمل خان نے ایڈیشنل کلکٹر جے ارونا شری کے ہمراہ تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن , پداپلی ضلع کے زیرانتظام مربوط ضلع کلکٹریٹ کے کلیانہ منڈپ میں منعقدہ دعوت افطار پروگرام میں شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر مزمل خان نے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ ہمیں تین باتوں کا درس دیتا ہے، ہمارے اندر غصہ کم کرنا اور صبر و تحمل بڑھانا، جر￿ت مندانہ طور پر غلطیوں کا مقابلہ کرنا، نہ صرف باہر کی غلطیوں کو پہچاننا بلکہ اپنے اندر کی غلطیوں کو بھی پہچانتے ہوئے ان کی تصحیح کرنے کی کوشش کرنا، ضلع کلکٹر نے کہا کہ تیسرا سب سے اہم نکتہ یہ ہے کہ ہمیں معاشرے کے غریبوں کی مدد کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان کے مقدس مہینے میں روزے رکھنے کا حکم دیا ہے تاکہ ہم غریبوں کی بھوک اور پیاس کی قدر جان سکیں۔انھوں نے مزید کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب ہمیں اقدار کے مطابق زندگی گزارنے، اپنے اردگرد ہر کسی سے محبت کرنے، سب کے ساتھ اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنے کا درس دیتے ہیں۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ہدایت دی ہے کہ ماہ رمضان میں غریبوں کی مدد کے لیے اپنی آمدنی کا ڈھائی فیصد حصہ زکوٰۃ کے طور پر دیا جائے، ہماری مدد اگر عید سے قبل ہو تو غریب افراد بھی خوشیوں سے بھری عید منا سکتے ہیں۔رمضان المبارک کے اس مقدس موقع پر دعوت افطار کا اہتمام کرنے پر تلنگانہ اسٹیٹ میناریٹی ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن اور دیگر یونینوں کے قائدین کا ضلع کلکٹر نے شکریہ ادا کیا اور شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی گزاریں اور اپنی استطاعت کے مطابق زیادہ سے زیادہ دوسروں کی مدد کریں۔ اس موقع پر ضلع ویلفیر آفیسر رؤف خان، ضلعی عہدیدار برائے محکمہ اقلیتی بہبود محمد معراج محمود، مختلف محکموں کے ضلعی افسران، اسکول اکیڈیمک مانیٹرنگ آفیسر ڈاکٹر پی ایم شیخ T.G.O.، T.N.G.O.، T.R.E.S.A.، M.E. ڈبلیو .اے یونین کے نمائندوں، مینارٹی ایمپلائز سرویس اسوسی ایشن کے ضلعی صدر افضل محی الدین، جنرل سکریٹری عبدالقادر، نائب صدر ایم ڈی وجاہت علی، مختلف محکموں کے عملہ اور دیگر نے شرکت کی۔