صحافت کی بقاء ’رائٹ ٹو نو‘ مہم کیلئے آسٹریلیا کے اخبارات کے تمام صفحات سیاہ، کوئی خبر نہیں

   

Ferty9 Clinic

کینبرا،21اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام) عوامی مفاد کی صحافت کی بقا کے لئے شروع کی گئی ’رائٹ ٹو نو‘ یا معلومات کا حق مہم کے تحت آسٹریلیا کے تمام اخبارات نے سیاہ کردئیے گئے۔ یہ مہم دراصل ملک میں آزادی صحافت کو محدود کرنے والی قانون سازی ’نیشنل سیکورٹی لا‘ کے خلاف احتجاج ہے جس کا مقصد آسٹریلیا میں رازداری کی فضا کو فروغ دینا اور رپورٹنگ کو محدود کرنا ہے۔ ’دی ایج‘ نامی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اس مہم میں ’نیوز کور‘، ’دی اے بی سی‘، ’نائن‘،’ایس بی ایس‘، ’دی گارجین‘ اور صحافتی تنظیم ’دی میڈیا‘، ’انٹرٹینمنٹ اینڈ آرٹس الائنس‘ شامل ہیں۔خیال رہیکہ اس طرح کی مہم کی اس سے قبل کوئی مثال نہیں ملتی جو رواں برس جون میں آسٹریلین فیڈرل پولیس کی جانب سے ’اے بی سی‘ کے دفاتر پر چھاپوں اور ’نیوز کور‘ کی خاتون صحافی انیکا سمیتھرسٹ کے مکان پر چھاپے کے بعد شروع کی گئی تھی۔ رائٹر کی رپورٹ کے مطابق آج کا احتجاج حکومت پر عوامی دباؤ ڈالنے کیلئے ہے تا کہ حساس معلومات تک رسائی محدود کرنے کے قانون سے صحافیوں کو مستثنیٰ قرار دیا جائے اورمعلومات کی آزادی کے مناسب نظام کا نفاذ اور ہتک عزت کے مقدمات کے میعار کو بلند کیا جائے ۔’رائٹ ٹو نو‘ نامی اس مہم کے تحت آسٹریلیا کی محدود مارکیٹ میں میڈیا کی آزادی کیلئے ان اداروں کا اتحاد غیر معمولی اقدام ہے جہاں میڈیا ادارے اشتہاری اخراجات کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرتے اور ملک کے بالکل مختلف نقظہ نظر پیش کرنے کی روایت رکھتے ہیں۔یہ بات مدنظر رہے کہ اخبارات کی غیر معمولی اشاعت کے ذریعے احتجاج کا یہ پہلا موقع نہیں بلکہ 8 اگست کو لبنان کے معروف انگریزی اخبار ’دی ڈیلی اسٹار‘ نے اپنے 12 صفحات پر کوئی بھی خبر شائع کیے بغیر اپنا منفرد احتجاج ریکارڈ کروایا تھا ۔