بہت جلد یکسوئی کی جائے گی ۔ اسمبلی میں چیف منسٹر کا بیان
حیدرآباد 15 مارچ ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اعلان کیا کہ تلنگانہ میں ارکان اسمبلی اور صحافیوں کو امکنہ اراضی فراہم کرنے کا مسئلہ بہت جلد حل کرلیا جائے گا ۔ چیف منسٹر نے اسمبلی میں کہا کہ وہ شخصی طور پر پہل کرتے ہوئے یہ مسئلہ بہت جلد حل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی و سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کو صحافیوں اور ارکان اسمبلی کو امکنہ اراضی فراہم کرنے کے مسئلہ پر دباؤ کا سامنا ہے اس لئے وہ یہ مسئلہ شخصی طور پر لیں گے اور اسے جلد حل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی اور صحافی غریب ہیں اور انہیں تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے اب تک امکنہ اراضی حاصل نہیں ہوئی ہے ۔ ایسے میں ریاستی حکومت ان کے ساتھ ہمدردانہ رویہ رکھے گی ۔ چیف منسٹر نے بجٹ تجاویز پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک طویل وقت سے صحافیوں اور ارکان اسمبلی کو اس طرح کی سہولیات دستیاب نہیں ہوئی ہیں ۔ وہ شخصی طور پر یہ مسئلہ دیکھیں گے اور اس کا منطقی حل نکالنے کی کوشش کرینگے ۔