صحافیوں کو فرنٹ لائین واریئرس کا درجہ، 28 مئی سے ٹیکہ اندازی

   

ریاست میں آکسیجن اور آئی سی یو بیڈس دستیاب، سوپر اسپریڈرس کیلئے ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم: سرینواس راؤ
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے صحافیوں کو فرنٹ لائین واریئرس کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ذریعہ 28 مئی سے صحافیوں کیلئے ٹیکہ اندازی کا آغاز ہوگا۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وباء کے دوران صحافیوں نے دیگر فرنٹ لائین واریئرس کے ساتھ نمایاں خدمات انجام دی ہیں ۔ حکومت صحافیوں کو کورونا سے بچانا اپنی ذمہ داری تصور کرتے ہوئے انہیں فرنٹ لائین واریئرس کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست بھر میں ٹیکہ اندازی مہم جاری ہے اور تمام محکمہ جات کا تعاون حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کورونا پازیٹیو کی شرح 4.1 فیصد درج کی گئی ہے۔ ریاست میں تاحال ایک کروڑ 47 لاکھ کورونا ٹسٹ کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا کی ٹیکہ اندازی کے لئے خانگی شعبہ میں مزید 1200 مراکز کا اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ابھی تک 56 لاکھ افراد نے کورونا ویکسین کی خوراک حاصل کرلی ہے۔ 6.18 لاکھ کووی شیلڈ اور 2.5 لاکھ کو ویکسین کی خوراک حکومت کے تحت موجود ہے۔ جون کے پہلے ہفتہ میں مزید ویکسین تلنگانہ کو حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مستقل طور پر عوام کے درمیان رہنے والے افراد کو سوپر اسپریڈر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے اور انہیں 28 تا 30 مئی ٹیکہ اندازی کی جائے گی۔ سوپر اسپریڈرس میں کیاب ڈرائیور کو جی ایچ ایم سی کے ذریعہ ٹیکہ اندازی عمل میں آئے گی ۔ جاریہ ماہ کے اواخر تک تین لاکھ افراد کو کوویکسین کی دوسری خوراک دی جائے گی ۔ سرینواس راؤ نے کہا کہ کوویکسین حاصل کرنے والے افراد پہلی خوراک کے بعد 4 سے 6 ہفتے کے بعد دوسری خوراک حاصل کرسکتے ہیں جبکہ کووی شیلڈ کی خوراک لینے والے 12 تا 16 ہفتوں کے درمیان دوسری خوراک لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ہر 10 میں 4 افراد کا کورونا ٹسٹ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ریاست میں 55 ہزار بیڈس موجود تھے جن کی تعداد بڑھاکر 55120 کی گئی ہے۔ ریاست میں فی الوقت 31375 بیڈس خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 40 فیصد مریضوں کا تعلق آندھراپردیش ، مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 612 آئی سی یو بیڈس سرکاری دواخانوں میں جبکہ خانگی دواخانوں میں 3977 آئی سی یو بیڈس خالی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جملہ 4589 آئی سی یو بستر خالی ہیں۔ آکسیجن سے مربوط 9718 بیڈس دستیاب ہیں جن میں سرکاری دواخانوں میں 2750 اور خانگی دواخانوں میں 6968 بیڈس شامل ہیں ۔