سیفٹی کٹس کی تقسیم، کمشنر اطلاعات اروند کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔27 ۔ اپریل(سیاست نیوز) کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ و پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے آج صحافیوں میں کورونا وباء سے بچاؤ کے سیفٹی کٹس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر اروند کمار نے کہا کہ موجودہ حالات میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو احتیاط کی ضرورت ہے جو کووڈ ۔19 کے خلاف جدوجہد میں شامل ہیں۔ حکومت کو صحافیوں کے تحفظ کی فکر ہے۔ بعض دیگر ریاستوں میں صحافیوں کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اروند کمار نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ بصورت دیگر وائرس تیز ی سے پھیل سکتا ہے ۔ انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ رپورٹنگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے صحافیوں کو کٹس فراہم کرنے والے ادارے سے اظہار تشکر کیا۔ پہلے مرحلہ میں 150 صحافیوں میں کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ، آئندہ چند دنوں میں مزید 500 کٹس تقسیم کئے جائیں گے ۔ سیفٹی کٹ میں فیس شیلڈ ، ماسٹ ، 3 پلائی ماسک ، دو سینیٹائزرس اور ایک گلوز شامل ہیں۔ ایڈیشل ڈائرکٹر ناگیا کامبلے ، اگزیکیٹیو ڈائرکٹر فلم ڈیولپمنٹ کارپورشن ایشور بابو اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔