حیدرآباد: کمشنر محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ اروند کمار نے کہا کہ ریاست بھر میں 28 اور 29 مئی کو صحافیوں کو ٹیکہ اندازی کی خصوصی مہم چلائی جائے گی۔ صحافیوں کو چاہئے کہ وہ آدھار اور اکریڈیٹیشن کارڈ کے ساتھ مقررہ ٹیکہ اندازی مراکز سے رجوع ہوں ۔ ہر ضلع میں پبلک ریلیشن آفیسرس کے پاس ٹیکہ اندازی مراکز کی فہرست موجود ہے۔ ریاستی سطح کے صحافیوں کیلئے حیدرآباد میں پانچ ٹیکہ اندازی مراکز قائم کئے گئے جو پریس کلب سوماجی گوڑہ ، پریس کلب بشیر باغ ، ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ جوبلی ہلز ، یونانی ہاسپٹل چارمینار اور ایریا ہاسپٹل ونستھلی پورم شامل ہیں۔ اروند کمار نے صحافیوں سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے تحت 20,000 صحافی مسلمہ ہیں۔ ان میں سے 3700 ریاستی سطح کے صحافی ہیں۔