صحافیوں کیلئے عنقریب امکنہ اراضی اور ہیلت کارڈس : کے ٹی آر

   

    حیدرآباد ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راماراؤ نے ریاست کے تمام صحافیوں کے لئے امکنہ اراضی کی فراہمی کا وعدہ کیا اور صحافیوں کے ارکان خاندان کے لئے نئی پالیسی کے ساتھ بہتر ہیلت کیر سہولتوں کی فراہمی پر زور دیا ہے ۔ جل وہار نکلس روڈ پر صحافیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ریاستی حکومت ریاست کے متوفی صحافیوں کے بچوں کی تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرنے کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کی مائیں منظوری دیں توریاستی حکومت ان کے بچوں کو رہائش اسکولوں میں داخل کر کے ان کی تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے ریاست کے 11 صحافیوں کے ارکان خاندان کو فی کس ایک لاکھ روپئے کا چیک مالی امداد کے طور پر پیش کیا جن کی موت واقع ہوئی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیا اکیڈیمی کی جانب سے اس کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ کے ٹی آرنے کہا کہ تلنگانہ حکومت سماج کے تمام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے جن میں وکلاء اور صحافی بھی شامل ہیں ۔ تلنگانہ واحد ریاست ہے جس نے وکلاء اور صحافتی برادری کے لئے فی کس 100 کروڑ روپئے کا ویلفیر فنڈ قائم کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت صحافتی برادری سے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں تقریبا 19150   اکریڈیٹ جرنلسٹس ہیں ۔