صحافیوں کے تمام مسائل کی یکسوئی کرنے کا تیقن

   

کریم نگر۔/2جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر سے نمائندگی کرتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ممکنہ کوشش کروں گا۔ اس بات کا تیقن ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ نے کریم نگر پریس بھون میں تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹ اسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن سال نو تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد تمام صحافیوں کو ڈبل بیڈ مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹوں کو ٹی آر ایس حکومت ایک خاندان کی طرح سمجھتی ہے اور عوامی مسائل سے حکومت کو واقف کروانے اور حکومت کے پروگرامس کو عوام تک پہنچانے میں صحافیوں کا اہم رول ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال ترقیاتی سال کے طور پر نشاندہی کی جارہی ہے۔ چونکہ توقع ہے کہ اس سال تمام ترقیاتی کام مکمل ہوجائیں گے۔ ٹی یو ڈبلیو جے ریاستی صدر نگنوری شیکھر، ضلع صدر جی سرینواس، جنرل سکریٹری جے ماروتی سوامی، سینئر جرنلسٹ سید محی الدین ( نمائندہ سیاست) کے علاوہ دیگر پرنٹ اینڈ الکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

منچریال میں 5.5 درجہ حرارت
منچریال۔/2جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منچریال میں شدید ترین سردی کی لہر جاری ہے۔ اقل ترین درجہ حرارت 5.5 درجہ سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ عوام شدید سردی کی وجہ سے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں اور بازار میں شام ہوتے ہی عوامی چہل پہل میں کافی کمی واقع ہوگئی ہے اور گرم لباس کی خریدی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا ہے کہ سردی کی شدت مزید چند برقرار رہے گی۔ عوام کو سردی سے بچنے کیلئے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔