صحافیوں کے زیرالتواء مسائل کو جلدحل کیاجائے

   

محبوب نگرپریس کلب میں تہنیتی تقریب کاانعقاد ۔ینم سرینواس کاخطاب

محبوب نگر۔4؍ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورکنگ جرنلسٹس کی جانب سے جن بنیادی اورزیرالتواء مسائل کی نمائندگی کی گئی ہے اس کو بہت جلد پوراکرلیاجائے گا۔ یہ اعلان مقامی رکن اسمبلی سرینواس ریڈی نے کیا۔ وہ ٹی ڈبلیوجے ایف کے زیراہتمام پریس کلب میںمنعقدہ میئر‘ڈپٹی میئر اور سینئرصحافیوں کی تہنیتی تقریب سے مخاطب تھے ۔ یہ تقریب کافی کامیاب اور با مقصدرہی کیونکہ اس میں صحافیوں کیلئے ریلیف فنڈ میںماہانہ ایک لاکھ روپئے عطیہ دینے کا ایم ایل اے نے تیقن دیا۔ موجود صحافیوں نے رکن اسمبلی کے اس اعلان کا زبردست تالیوںکی گونج سے خیرمقدم کیا۔ جرنلسٹ ریلف فنڈ سے مستحق صحافیوں کے علاج یا انتقال کرجانے پر ورثاء کو امدادفراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی میئر اورڈپٹی میئر نے بھی اپنی پہلی تنخواہ جرنلسٹ ریلیف فنڈ میں جمع کروانے کا اعلان کیا ۔ صحافیوں نے اس تاریخ ساز اعلان پر ایم ایل اے سے اظہار تشکرکیا اورکہا کہ ہمارے رکن اسمبلی نے آج اس اعلان سے ایک قابل تقلیدکارنامہ انجام دیا ہے اور جمہوریت میںصحافت کی بنیادی اہمیت کواجاگرکیاہے ۔ صحافیوں نے کہا ہے کہ اس اقدام کو تلنگانہ کے دیگر اضلاع میں بھی وسعت دی جائے تی صحافیوں کیلئے اطمینان اور راحت کاسامان مہیا ہوسکے گا۔ تقریب میںنومنتخب میئرجی ممتاسرینواس ‘ڈپٹی میئر ایم سریندر ریڈی کے علاوہ سینئر صحافیوں ایم اے مجیب ‘ اسٹاف رپورٹرروزنامہ سیاست ‘ بسواراج ‘ پربھاکر‘چندرشیکھرگوڑ‘ مدھو‘تروپتیاو دیگر کو شال پوشی ومومنٹوزپیش کرتے ہوئے تہنیت پیش کی گئی ۔