حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر مال سرینواس ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ صحافیوں کی بھلائی سے متعلق فیصلے کئے جائیں تاکہ ان کے دیرینہ مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ سرینواس ریڈی نے آج صحافیوں کے مختلف مسائل پر جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں تلنگانہ پریس اکیڈیمی کے صدرنشین کے سرینواس ریڈی ، اسپیشل کمشنر اطلاعات و تعلقات عامہ سی ایچ پریانک، چیف منسٹر کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر جی ملسور کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صحافیوں کو اکریڈیٹیشن کارڈس کی اجرائی سے متعلق پالیسی ، جرنلسٹ ہیلت پالیسی ، جرنلسٹ ایوارڈس اور صحافیوں پر حملوں جیسے امور پر اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا ۔ ان مسائل پر محکمہ جات ، لیبر ، ہیلت اور ہوم کے عہدیداروں کے ساتھ جلد ہی ایک اور اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔1