صحافیوں کے مسائل کی جلد یکسوئی : چیف منسٹر

   

حیدرآباد یکم جنوری(سیاست نیوز) ریاست میں صحافیوں کے مسائل اندرون 100یوم حل کرلئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج صحافیوں کے وفد سے ملاقات میں یہ اعلان کیا او رکہا کہ صدرنشین پریس اکیڈمی کی تبدیلی کے فوری بعد ریاست میں صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صحافیوں سے جو وعدہ کئے ہیں ان تمام کو پورا کیا جائے گا اور جلد ان کے مسائل کو حل کرلیا جائے گا۔ چیف منسٹر سے ملاقات کرنے والے وفد نے صحافیوں کو اراضیات کی تخصیص کے علاوہ میڈیکل انشورنس و دیگر مسائل سے واقف کروایا اور ان مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی خواہش کی جس پر چیف منسٹر نے کہا کہ وہ جلد ان امور کا جائزہ لیں گے اور امکنہ کے مسائل کو بھی جلد حل کرلیا جائے گا۔چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد نے بتایا کہ سال نو کے موقع پر ہوئی اس ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے تمام مسائل کی سماعت کے بعد ان کے حل کے سلسلہ میں مثبت ردعمل کا اظہارکیا اور کہا کہ وہ اندرون 100 یوم صحافیوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔3