نئی دہلی : مشہور صحافی صدیق کپن کی اہلیہ رہینات کپن نے اپنے وکیل ویلس میتھیوز کے ذریعہ اترپردیش حکومت کو ایک نوٹس روانہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہیکہ یو پی حکومت 28 اپریل کے سپریم کورٹ کے احکامات کی تعمیل نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا ہیکہ یوپی حکومت ان کے شوہر صدیق کپن کی میڈیکل رپورٹ سے متعلق غلط اور گمراہ کن معلومات فراہم کررہی ہے۔ سپریم کورٹ نے 28 اپریل کو یہ حکم دیا تھا کہ کیرالا کے صحافی صدیق کپن کو علاج کیلئے اترپردیش کی متھرا جیل سے دہلی کے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا جائے۔ صدیق کپن کو متھرا جیل سے ایک ایمبولنس کے ذریعہ نئی دہلی کے ایمس منتقل کیا گیا جہاں وہ 30 اپریل سے زیرعلاج ہیں تاہم صدیق کپن کی اہلیہ نے یہ الزام عائد کیا کہ خاندان کے کسی رکن یا ان کے وکیل کو ان کی صحت سے متعلق 7 مئی تک بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔