صحافی پر حملہ کا مقدمہ، جینت پاٹل کو سزائے قید

   

کولہاپور ، 19 اکتوبر (یو این آئی) علی باغ کی مجسٹریٹ عدالت نے صحافی ہرشاد کشالکر پر حملے کے مقدمے میں بھارتیہ شیتکاری کامگار پکش (بی ایس کے پی) کے چیف سکریٹری جینت پاٹل کو قصوروار قرار دیتے ہوئے ایک سال کی سادہ قید کی سزا سنائی ہے ۔ عدالت نے متاثرہ صحافی کو پانچ ہزار روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔یہ واقعہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات کی ووٹ شماری کے دوران ضلع اسپورٹس کمپلیکس میں پیش آیا تھا، جب جینت پاٹل نے موقع پر موجود صحافی ہرشاد کشالکر پر حملہ کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد 24 مئی 2019 کو علی باغ پولیس نے جینت پاٹل، سبھاش پاٹل عرف پنڈت اور ابھیجیت کداوے کے خلاف کیس درج کیا تھا۔معاملے کی سماعت کے دوران کل 19 گواہوں کے بیانات قلم بند کیے گئے ، جبکہ دیگر شواہد کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دستیاب شواہد کی بنیاد پر چیف جوڈیشل مجسٹریٹ محترمہ ایم بی عطار نے جینت پاٹل کو قصوروار قرار دیا اور ایک سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حملے کے دوران پیش آنے والا واقعہ صحافتی آزادی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں پر براہِ راست حملہ تھا۔