صحتیاب کورونا مریض وائرس کی زد سے محفوظ نہیں: ڈبلیو ایچ او

   

نئی دہلی26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صحت کے عالمی ادارے (ڈبلیو ایچ او) نے اس تاثر کے خلاف وارننگ دی ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہوگئے ہیں وہ دوبارہ وائرس کی زد میں نہیں آسکتے ۔ڈبلیو ایچ ایو نے ایک بیان جاری کیا ہے کہ اس بات کا سر دست کوئی ثبوت نہیں ہے کہ وائرس سے صحتیاب ہونیوالے کے جسم میں موجود اینٹی باڈیز اسے دوبارہ انفیکشن کی زد میں آنے سے بچاسکتے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق اب تک کسی تحقیق میں یہ جائزہ نہیں لیا گیا کہ سارس اور کورونا وائرس کے اینٹی باڈیز کی موجودگی انسانوں میں اس وائرس کے نتیجے میں ہونے والے انفیکشن سے استثنیٰ دیتی ہے ۔یہ وارننگ ایسے وقت میں دی گئی ہے جب متعدد ملکوں کی پریشان حال حکومتیں معاشی سرگرمیوں کو بحال کرنے کیلئے کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کو تصدیق شدہ دستاویزات دینا چاہتی ہیں کہ جس کے جسم میں وافر مقدار میں ایٹنی باڈیز موجود ہیں وہ وائرس سے قطعی طور پر محفوظ ہے ۔