صحت اور تعلیم تلنگانہ حکومت کے دو ترجیحی شعبے ،ہیلت اینڈ فارما کانکلیو سے وزیر صحت ایٹالہ راجندر کا خطاب

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کہا کہ صحت اور تعلیم حکومت کے لیے دو ترجیحی شعبے ہیں اور حکومت تلنگانہ کو ایک صحت مند ریاست بنانے کی سمت کام کررہی ہے ۔ سی آئی آئی کے زیر اہتمام آئی آئی ایم ٹی حیدرآباد کے اشتراک سے منعقدہ ہیلت اینڈ فارماکانکلیو سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر راجندر نے قابل دسترس علاج و معالجہ کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عام آدمیوں کے لیے اچھی طبی خدمات دستیاب ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اچھی طبی خدمات فراہم کرنے پر توجہ دی ہے وہ ہمیشہ ترقی کیے ہیں ۔ ٹکنالوجی کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی اور اس کی رسائی میں اضافہ کے لیے استعمال کیا جانا چاہئے ۔ تلنگانہ فارما اور بائیوٹیک انڈسٹری کے لیے ایک اہم مرکز بنا ہوا ہے اور حکومت صنعتوں کی ترقی کے لیے تمام تر مدد فراہم کرے گی ۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے جی وی پرساد ، چیرمین سی آئی آئی نیشنل کمیٹی آن فارما سیوٹیکلس اور سی ای او ڈاکٹر ریڈیز لیبارٹریز نے پرائمری کیر میں زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ۔ مسٹر ای وی نرسمہا ریڈی وائس چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آئی آئی سی حکومت تلنگانہ نے ان کے خصوصی خطاب میں کہا کہ حکومت نے ریاست میں طبی خدمات کی فراہمی اور عوام کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مختلف اسکیمات شروع کیے ہیں ۔۔