امراض سے بچاؤ کے لیے شعور بیداری ، ترقی یافتہ ممالک میں کم خرچ
حیدرآباد ۔2 ۔ اپریل (سیاست نیوز) صحت کی نگہداشت کے بارے میں دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلہ ہندوستان میں شعور بیداری میں اضافہ ہوا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلہ صحت اور فٹنس سرویسز میں ہندوستان میں سرمایہ کاری تقریباً 46 فیصد درج کی گئی ہے۔ صحت اور فٹنس سے متعلق اداروں کی سرگرمیوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہندوستانی عوام امراض سے بچاؤ اور صحت کو برقرار رکھنے کے بارے میں زیادہ مشغول ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک جیسے برازیل اور چین میں صحت کے شعبہ میں سرمایہ کاری ہندوستان کے مقابلہ کم درج کی گئی ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق ہیلت اور فٹنس کے شعبہ جات میں ہندستان میں خرچ 46 فیصد درج کیا گیا جبکہ برازیل میں یکہ 44 فیصد اور فن لینڈ میں 38 فیصد درج کیا گیا ہے ۔ صحت اور فٹنس پر چین میں خرچ 34 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ جرمنی میں 27 ، فرانس 24 ، امریکہ 24 اور جاپان میں 9 فیصد درج کیا گیا ہے ۔ ماہرین کے مطابق ترقی یافتہ ممالک میں عوام پہلے ہی سے صحت کے بارے میں باشعور ہوتے ہیں جبکہ ہندوستان میں مختلف امراض کے تیزی سے پھیلاؤ کے بعد عوام میں امراض سے بچاؤ کیلئے شعور بیدار ہوا ہے جس کے نتیجہ میں صحت کے شعبہ پر خرچ میں اضافہ درج کیا گیا۔1