پرتیما میڈیکل کالج کریم نگرمیں سمینار‘ ریاستی وزیر ایٹالہ راجندر کا خطاب
کریم نگر ۔ یکم ؍ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صحت مند ریاست تلنگانہ کی ترقی کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائیگی ۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے کریم نگر کے مضافات میں پرتیما میڈیکل کالج میں منعقدہ ریاستی سطح پر بچوں کے معالج ڈاکٹروں کے سمینار میں شرکت کے موقع پر کیا ۔ شمع روشن کر کے پروگرام کاآغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے سبھی عوام صحت مند ہونے پر سنہرے تلنگانہ کی تشکیل ممکن ہے ۔ ریاستی حکومت نومولود چھوٹے بچوں کی مکمل صحت مندی کے لئے اور ان کی نگہداشت ‘ صحت مند پرورش کے لئے آنگن واڑی مراکز میں حاملہ خواتین نوجوان لڑکیوں اور زجگی کے بعد کمزوری کو دور کرنے کے لئے تغذیہ بخش غذائیں انڈے دودھ فراہم کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں حکومت دواخانوں میں زجگیوں کی تعداد میں 96 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے ۔ ریاست میںڈاکٹروں کی قلت کو دور کرنے کے اقدامات کی طرف اپنی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس انسانی خدمت کے جذبہ کے تحت عوام کی خدمت انجام دیں ‘ بالخصوص دیہی اور مضافاتی علاقوں کی عوام کی مفت طریقہ پر خدمت انجام دیں ۔ انہیں تمام طبی سہولتیں فراہم کریں ۔ طبی تعلیم میں کسی بھی قسم کی بدعنوانی نہ ہو ۔ ٹسٹ میں کامیابی کے ذریعہ داخلہ دیئے جانے کی وجہ سے طلبہ کے ساتھ انصاف ہوگا ۔ ڈاکٹر طریقہ علاج میں عصری طور پر طریقوں کو سیکھیں اور اس میں مہارت پیدا کریں ۔ سیاسی قائدین سوشیل ڈاکٹروں کی طرح سے کام کریں اور ضرورت مندوں کو حکومت کی جانب سے جاری پروگراموں سے مستفید کروائیں ۔ اس طرح مکمل پانچ سال میں تلنگانہ ریاست صحت بخش ریاست میں تبدیل ہوجائے گی ۔ اس سلسلہ میں ڈاکٹروں کے لئے ایک تحریری یادداشت ریاستی وزیر کے حوالے کی گئی ۔ اس پروگرام میں چپہ دنڈی رکن اسمبلی روی شنکر ‘ آئی ایم اے ریاستی صدر ڈاکٹر راجندر ریڈی ‘ ڈاکٹر لکشمن کمار ‘ سنتوش ‘ رویندریڈی ‘ کے لکشمن ‘ روی کمار ‘ رامچندرراؤ و دیگر موجود تھے ۔