صحت مند طرز زندگی سے ہی سماجی ترقی ممکن

   

گورنمنٹ میڈیکل کالج سنگاریڈی کے زیر اہتمام شعور بیداری ریالی، ضلع کلکٹر پر اوینیا اور دیگر کا خطاب
سنگاریڈی7 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )عالمی یومِ صحت کے موقع پر گورنمنٹ میڈیکل کالج سنگا ریڈی کے زیرِ اہتمام 5 کلو میٹر دوڑ (5K رن) کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام کا افتتاح ایم ایل سی انجی ریڈی اور ضلع کلکٹر پی۔ پراوینیا نے مشترکہ طور پر جھنڈی دکھا کر کیا۔ یہ دوڑ میڈیکل کالج سے آئی بی تک جاری رہی اس موقع پر ضلع کلکٹر پی۔ پراوینیا نے کہا کہ “پراجا پالنا – پرگتی” کے 99 روزہ ایکشن پلان کے تحت محکمہ صحت کی جانب سے ایک ہفتے تک مختلف صحت سے متعلق پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی کے ذریعے ہی سماجی ترقی ممکن ہے۔ عام طور پر افراد 40-50 سال کی عمر کے بعد صحت پر توجہ دیتے ہیں، لیکن موجودہ نوجوانوں کا ابتدائی عمر میں صحت پر توجہ دینا ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے درست طرزِ زندگی کے بارے میں رہنمائی فراہم کریں۔ عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق متوازن غذا، ورزش، صفائی اور ذہنی سکون صحت کے بنیادی عوامل ہیں، اور نوجوانوں کو چاہیے کہ ان اصولوں پر عمل کر کے دوسروں کے لیے مثال قائم کریں ایم ایل سی انجی ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر فرد کو سائنسی سوچ کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے اور اپنی طرزِ زندگی کو بدل کر صحت مند رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی بنیادوں پر مبنی طرزِ زندگی اپنانے سے کئی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔ روزمرہ زندگی میں ذہنی دباؤ اور چڑچڑاہٹ کو کم کر کے صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ صحت کے میدان میں آگے بڑھیں، اس پروگرام میں ایڈیشنل کلکٹر پانڈو، گورنمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر پرکاش راؤ، ضلع طبی افسر ڈاکٹر وسنت راؤ، ڈی ایس پی ستّیا، دیگر افسران، عوامی نمائندے، نوجوان تنظیمیں، میڈیکل طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔